90

ایک فورسز اہلکار اور9سالہ لڑکا ہلاک

اننت ناگ/جے کے این ایس/جنوبی ضلع کے بجبہاڑہ علاقہ میں اُسوقت افراتفری کی صورتحال پیداہوئی اورلوگ جان بچانے کیلئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے جب یہاںجمعہ کو جنگجوئوں اور فورسز اہلکاروں کے مابین اچانک گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ قصبہ بجبہاڑہ کے مضافاتی علاقہ پادشاہی باغ میں تعینات فورسزاہلکاروں پرمشتبہ جنگجوئوں نے اچانک فائرنگ شروع کردی ،جسکے جواب میں فورسزاہلکاروں نے بھی اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئیے ۔طرفین کے درمیان کچھ وقت تک گولی باری کاتبادلہ جاری رہا۔انہوں نے کہاکہ جنگجوئوں اورفورسزاہلکاروں کے درمیان گولی باری کاتبادلہ ہونے سے علاقہ میں خوف ودہشت کی لہردوڑ گئی،اورلوگ اپنی جانیں بچانے کیلئے محفوط مقامات کی جانب بھاگ گئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ سی آر پی ایف کی90ویں بٹالین سے وابستہ اہلکار قصبہ بجبہاڑہ کے پادشاہی باغ علاقے میں تعینات تھے جس کے دوران اْن پر جنگجوئوں کی طرف سے گولیاں چلائیں گئیں اور جواب میں فورسز اہلکاروں نے بھی گولیاں چلائیں۔طرفین میں چلنے والی گولیوں کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکا اور ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگیا جنہیں نزدیکی سب ضلع اسپتال پہنچایا گیا تاہم اسپتال میں دونوں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔ جاں بحق ہونے والے کمسن لڑکے کی شناخت ماچھویاری پورہ کولگام کے رہنے والے9سالہ نیہان بٹ ولد محمد یاسین بٹ اورفورسزاہلکارکی شناخت سی آرپی ایف کی90ویں بٹالین کے کانسٹیبل شامل کمارریڈی کے بطورہوئی ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر بجبہاڑہ ڈاکٹر محمداقبال نے بتایاکہ ایک سی آر پی ایف اہلکاراور بچے کو مردہ حالت میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال بجبہاڑہ لایا گیا تھا۔سی آرپی ایف ذرائع نے بتایاکہ پادشاہی باغ بجبہاڑہ میں ہوئے جنگجوئیانہ حملے میں ایک فورسزاہلکار ہلاک ہوگیا۔ادھر فائرنگ کے اس واقعہ کے فوراً بعد فورسز کی بھاری جمعیت نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ،جوکافی وقت تک جاری رہاتاہم کسی کی گرفتار عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ یہاں فورسزپرفائرنگ کرنے والے مشتبہ جنگجوئوں کوسیکورٹی اہلکاروں سے کوئی سامنا ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں